چنئی:وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمندری طوفان مچونگ کے پیش نظر غیر معمولی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔ طوفان میچونگ نے تمل ناڈو میں سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجناتھ سنگھ دوپہر میں ایک گھنٹے تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کریں گے۔ اس کے بعد وہ وزیر اعلی ایم کے اسٹالن سے ملاقات کرنے والے ہیں تاکہ نقصان اور حکومت کی طرف سے کئے گئے راحتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے اس میٹنگ کے دوران توقع ہے کہ وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن ایک عرضی پیش کریں گے جس میں مرکز سے امدادی کارروائیوں کے لیے عبوری راحت کی درخواست کی جائے گی۔
واضح رہے کہ تمل ناڈو کے وزیراعلی اسٹالن نے کل وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 5,060 کروڑ روپے کی فوری عبوری راحت جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور ان سے نقصانات کا اندازہ لگانے کےلئے ایک مرکزی ٹیم مقرر کرنے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔