چنئی: اوڈیشہ کے بالاسور ضلع میں جمعہ کو ہونے والے خوفناک ٹرین حادثے کے بعد پھنسے ہوئے 293 مسافروں کو اتوار کو ایک خصوصی ٹرین کے ذریعے چنئی لایا گیا۔ تمل ناڈو کے وزیر صحت ایم سبرامنیم اور ریونیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر کے کے ایس ایس آر رام چندرن نے ڈاکٹر ایم جی آر سنٹرل ریلوے اسٹیشن پر کورومنڈیل ایکسپریس ٹرین کے کل 293 مسافروں کا استقبال کیا۔ تمام مسافروں کو ناشتہ فراہم کیا گیا اور اسٹیشن پر تعینات میڈیکل ٹیم نے طبی معائنہ کیا۔
ایک سرکاری ریلیز کے مطابق تمام مسافر بحفاظت یہاں پہنچ گئے اور سات افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ چار لوگوں کا سرکاری اسپتال میں علاج کیا گیا اور ایک مسافر کو بھرتی کرایا گیا ہے۔ سبرامنیم نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسافروں کی مدد کے لیے تمام بڑے اسپتالوں میں خصوصی طبی انتظامات کیے گئے ہیں۔