چنئی: این آئی اے نے آئی ایس آئی ایس بھرتی معاملے میں تمل ناڈو اور تلنگانہ دونوں ریاستوں میں 30 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے تمل ناڈو میں مشتبہ ٹیرر ماڈیول معاملے میں کئی شہروں میں چھاپے مارے۔ اس دوران تمام مشکوک مقامات اور دفاتر کی تلاشی لی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈی ایم کے کونسلر مباصرہ ایم کے احاطے پر چھاپے مارے گئے۔ چھاپے کے دوران کون سے دستاویزات قبضے میں لیے گئے اس بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
معلومات کے مطابق، این آئی اے نے تمل ناڈو میں کئی مقامات پر تلاشی مہم چلائی۔ یہ کارروائی پولیس کی مدد سے کی جارہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کوئمبٹور میں ڈی ایم کے کا ایک کونسلر ایجنسی کے رڈار پر تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ چنئی، کوئمبٹور اور تینکاسی میں مختلف افراد کے ٹھکانوں کی تلاشی لی گئی۔ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران ڈی ایم کے کونسلر مباصرہ ایم کے رشتہ داروں کو پولیس سے بحث کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ اس وقت ہوا جب این آئی اے کے اہلکار تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں واقع ان کی رہائش گاہ کی تلاشی لے رہے تھے۔ این آئی اے نے کوئمبٹور میں 21 مقامات، چنئی میں 3 مقامات، حیدرآباد/سائبر آباد میں 5 مقامات اور تمل ناڈو کے تینکاسی میں ایک مقام پر چھاپے مارے۔