حیدرآباد: منصور علی خان نے اپنی ساتھی اداکارہ تریشا کرشنن کے بارے میں حالیہ تنازع پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اداکارہ کے خلاف کسی قسم کے کوئی برا ارادہ نہیں رکھتے تھے۔ منصور علی خان نے ساؤتھ انڈین آرٹسٹس ایسوسی ایشن پر اس معاملے کی وضاحت طلب کیے بغیر ان کے خلاف کاروائی پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ وہ اس معاملے پر معافی نہیں مانگیں گے۔ منصور علی خان نے اسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ اپنے خلاف کی گئی کارروائیوں کو واپس لیں۔
منصور علی خان نے منگل کو چنئی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ انہوں نے تریشا کے بارے میں برا نہیں کہا بلکہ اس کی ستائش کی۔ انہوں نے اسوسی ایشن کے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں کارروائی کرنے سے پہلے وضاحت طلب کرنی چاہیے تھی۔ خان نے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ وہ معافی مانگنے والے نہیں ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران خان نے اداکاروں کی ایسوسی ایشن کی بعض سنیما باریکیوں کو سمجھنے پر بھی سوال اٹھایا اور قومی کمیشن برائے خواتین پر بھی سخت نکتہ چینی کی۔ خان نے اداکاروں کی ایسوسی ایشن کی جانب سے دیے گئے بیان کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ خان نے تریشا کی ستائش کرنے کے اپنے موقف کا اعادہ کیا اور کسی فرد کے بارے میں منفی بات کرنے سے انکار کیا۔