چنئی:تمل ناڈو کے ایک آئی آر ایس افسر نے صدر دروپدی مرمو کو خط لکھ کر مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دراصل ای ڈی نے تمل ناڈو کے دو غریب کسانوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔ اس کارروائی کے رد عمل میں افسر نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو 'بی جے پی کی ونگ' میں تبدیل کرنے کے لیے مرکزی وزیر خزانہ کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جی ایس ٹی اور سی ای، چنئی کے ڈپٹی کمشنر بی بالا مروگن نے منگل کو صدر جمہوریہ کو لکھے اپنے خط میں بی جے پی لیڈر کے ساتھ قانونی تنازع کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے دو غریب دلت کسانوں کو سمن موصول ہونے کے معاملے پر روشنی ڈالی۔ مروگن کے لکھے گئے خط کی ایک کاپی ای ٹی وی بھارت کے پاس موجود ہے۔
- خط میں کیا لکھا
مروگن نے صدر جموریہ کو بھیجے گئے خط میں لکھا کہ تمل ناڈو کے دو عمر رسیدہ، ناخواندہ اور غریب دلت کسان، 72 سالہ کن نین اور 67 سالہ کرشنن، جن کے پاس تمل ناڈو کے اٹور میں 6.5 ایکڑ زرعی زمین ہے۔ ان کا فی الحال سلیم ضلع کے بی جے پی کے سابق سکریٹری گُنا شیکھر کے ساتھ تنازع چل رہا ہے۔ ان دونوں کسانوں کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے سمن موصول ہوا ہے۔ کسانوں نے بی جے پی کے ایک مقامی لیڈر پر زمین پر غیر قانونی قبضہ کرنے کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔ زمین کے تنازع معاملے میں ای ڈی کے ملوث ہونے سے لوگ ناراض ہیں۔ لفافے پر کسانوں کی ذات کو 'ہندو پالرس' کے طور پر لکھے جانے سے لوگوں کا غصہ مزید بڑھ گیا ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ کن نین اور کرشنن تمل ناڈو کے سلیم ضلع کے اٹور علاقے کے گاؤں رام نیاگن پالیم کے رہنے والے بھائی ہیں۔ زمین کے تنازع کی وجہ سے کسان پچھلے چار برسوں سے کھیتی باڑی کرنے سے قاصر ہیں اور ان کے بینک کھاتوں میں صرف 450 روپے ہیں۔ وہ اپنی روزی روٹی کے لیے 1000 روپے کی بڑھاپے کی پنشن اور حکومت کی طرف سے دی جانے والے مفت راشن پر منحصر ہیں۔'' خط میں کہا گیا ہے کہ ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رتیش کمار کے ذریعہ کسانوں کو جاری سمن کی تاریخ 26 جون 2023 ہے۔ سمن کے مطابق، تفتیشی افسر (IO) رتیش کمار پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ 2002 کی دفعات کے تحت تحقیقات کر رہے ہیں اور انہیں پانچ جولائی 2023 کو ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔
اہلکار کے مطابق، دونوں کسان بھائیوں نے بی جے پی لیڈر گنا شیکھر پر ان کی زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ حکام نے خط میں لکھا کہ 'کرشنن کی شکایت کے بعد، 2020 میں گنا شیکھر کے خلاف فوجداری مقدمہ شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد کرشنن اور گنا شیکھر کے درمیان جاری زمین کے تنازع کی وجہ سے اسے گرفتار کر کے بعد میں عدالتی حراست میں رکھا گیا تھا۔ مقدمہ فی الحال اٹور عدالت میں فیصلے کا منتظر ہے۔
- کسانوں نے دھمکی دینے کا الزام لگایا
کسانوں نے الزام لگایا ہے کہ جب وہ چنئی کے شاستری بھون میں ایجنسی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہوئے تو ای ڈی اہلکاروں نے انہیں دھمکیاں دیں۔ آئی آر ایس افسر نے خط میں لکھا کہ 'یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح ای ڈی بی جے پی کا ایک ونگ بن گئی ہے۔ وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نرملا سیتا رمن نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو کامیابی کے ساتھ بی جے پی پولیس انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔' انہوں نے خط میں لکھا کہ 'میرا خاندان بنیادی طور پر کسان ہے۔ اگرچہ میرے والد میڈیکل ڈاکٹر تھے، ہم کھیتی باڑی کو کسی بھی دوسرے کام سے زیادہ باوقار سمجھتے ہیں۔ سرکاری ملازمت میں آنے سے پہلے میں اپنی آبائی زمین پر کھیتی باڑی کرتا تھا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد کھیتی باڑی کروں گا۔