چنئی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ گجرات، مہاراشٹر، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش کے اپنے دو روزہ دورے کے ایک حصے کے طور پر ہفتہ کی رات چنئی پہنچ گئے۔ ناندیڑ سے اڑان بھری پرواز رات 9.20 بجے چنئی ایئرپورٹ پہنچی۔ اس دوران جب امت شاہ ہوائی اڈے سے گوئنڈی میں اپنے ہوٹل کے لیے روانہ ہو رہے تھے تو ائیر پورٹ کے قریب سڑک کی سٹریٹ لائٹس بند ہو گئیں۔ بی جے پی کارکنوں نے اس سلسلے میں تمل ناڈو حکومت پر الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے وزیر داخلہ کی جان کو خطرہ ہو سکتا تھا۔
تمل ناڈو بی جے پی کے ریاستی نائب صدر کرو ناگراجن نے کہا کہ یہ وہ راستہ تھا جو وزیر داخلہ نے طے کیا تھا، اس لیے اس راستے پر اسٹریٹ لائٹس بند کرنے کو 'سیکیورٹی لیپس' سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے رہنما اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ چنئی ایئرپورٹ سے نکل رہے تھے تو اچانک بجلی کیسے بند ہوگئی۔ یہ سیکیورٹی کی خرابی ہے۔ ریاستی حکومت کو اس کی سنجیدگی سے تحقیقات کرنی چاہیے۔ اس دوران بی جے پی کارکنوں کے ایک گروپ نے ریاستی حکومت پر جان بوجھ کر لائٹس بند کرنے کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج بھی کیا۔