سرینگر:جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں ایک نوجوان کی پُر اسرار حالت میں لاش بر آمد ہوئی ہے۔ بدھ کو سرینگر کے مضافاتی علاقے ملورہ میں ایک نوجوان پُر اسرار حالت میں کار کے نیچے مردہ حالت میں پایا گیا۔ سرینگر پولیس کے مطابق نوجوان کی لاش جموں وکشمیر بینک برانچ ملورہ کے نزدیک پارک کی گئی ایک گاڑی کے نیچے سے بر آمد کی گئی ہے۔ متوفی کی شناخت ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے کے رہنے والے محمد عاصف خان ولد عاشق احمد خان کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی باشندوں نے لاش کو دیکھتے ہی پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیکر طبی اور قانونی لوازمات کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ اس دوران پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے جائے موقع پر پہنچ کر ثبوت و شواہد جمع کر کے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ دریں اثناء، سرینگر پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔