سرینگر:وادی کشمیر کے کمسن گلوکار ایان سجاد کا مقبول نغمہ ’گو کیاہ ملال یارس‘ پیر کو سرینگر میں ایف ایم ’ریڈیو مرچی‘ پر نشر کیا گیا۔ انجان کشمیری کے ان اشعار کو ایان سجاد نے اپنی دلکش آواز اور پر کشش لہجہ کے ساتھ گزشتہ دنوں یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر ریلیز کیا جو کافی وائرل ہوا اور اس کی کافی پذیرائی ہوئی۔ ایف ایم ریڈیو مرچی نے ایان سجاد کے اس نغمے کو ریڈیو کے ذریعے مزید مقبولیت دینے کے مقصد سے اسے اپنے پلیٹ فارم پر نشر کیا۔
ریڈیو مرچی کی آر جے (ریڈیو جاکی) مہک نے کہا کہ ایان سجاد کے نغموں کو سوشل میڈیا پر پسند کیا جا رہا ہے اور اسی پس منظر میں ہم نے اس کو مزید پذیرائی دینے اور زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی۔ ریڈیو مرچی کے پروگرام منیجر یاسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ریڈیو مرچی کی یہی کوشش رہی ہے کہ جموں کشمیر کے نوجوان گلوکاروں کو پروموٹ کرے اور کشمیری زبان کو زندہ رکھے۔