جموں و کشمیر کے علیحدگی پسند رہنما اور ٹیرر فنڈنگ کیس میں سزا یافتہ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کو پاکستان کی نگراں حکومت میں وزیراعظم کا خصوصی مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ مشعال ملک کو اس نگراں حکومت میں انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کا خصوصی مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ جمعرات کی رات جاری کی گئی وزیر اعظم کے پانچ خصوصی مشیروں کی فہرست میں مشعال ملک کا نام بھی شامل تھا۔ کے علاوہ صدر عارف علوی نے ایوان صدر میں 19 رکنی نگراں کابینہ سے بھی حلف لیا۔ ایک خصوصی مشیر کی حیثیت ایک وزیر سے کم ہوتی ہے، لیکن وہ اہم متعلقہ امور پر وزیر اعظم کو مدد فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ نو اگست کو سابق وزیراعظم شہباز شریف نے مستعفی ہونے کے بعد نیشنل اسمبلی تحلیل کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے اب پاکستان میں نگراں حکومت قائم ہے اور 14 اگست کو انوارالحق کاکڑ نے ملک کے آٹھویں نگراں وزیر اعظم کے طور پر حلف بھی اٹھا لیا ہے۔ نگراں حکومت کا قیام صرف اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ ملک میں عام انتخابات صاف وشفاف طریقے سے 90 دنوں کے اندر انجام دے دیئے جاسکیں۔