سرینگر:عالمی سطح پر آج ریڈیو کا دن منایا جارہا ہے۔ 13 فروری دنیا بھر میں عام لوگوں اور میڈیا میں ریڈیو کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور ریڈیو کے ذریعہ معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کی غرض سے ہر سال منایا جاتا ہے۔ ریڈیو کے 12 ویں عالمی دن کا موضوع ہے "ریڈیو اور امن"
ریڈیو مواصلات اور رابطے کا وہ واحد ذریعہ ہے جو ہر مقام اور ہر شخص تک پہنچتا ہے۔ ریڈیو خبروں، تعلیم، تفریح اور اطلاعات کا ایک موثر اور قابل بھروسہ ذریعہ ہے۔ یہ وہ واحد ذریعہ مواصلات اور رابطہ ہے، جس سے نابینا افراد بھی اُسی طرح لطف اندوز اور باخبر ہوسکتے ہیں جس طرح بینا افراد۔ ریڈیو کی اہمیت کے پیش نظر ہر سال یونیسکو کی جانب سے 13 فروری کو ”ریڈیو کا عالمی دن“ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
ہر سال اس دن کے لیے ایک موضوع بھی وضع کیا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں کے درمیان معلومات کا فروغ ہے۔ یہ نشریاتی اداروں کے درمیان نیٹ ورکنگ اور عالمی رابطوں کے قیام کا مظہر بھی ہے۔ گذشتہ چند برسوں سے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی آمد سے ریڈیو کے سامعین کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریڈیو کے عالمی دن کو منانے کی اہمیت بڑھ گئی ہے،تاکہ لوگوں کو اس سے جڑے رہنے کی طرف راغب کیا جا سکے۔
ریڈیو کے عالمی دن پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین نے آل انڈیا ریڈیو سرینگر کی پروگرام ہیڈ رابعہ رسول سے خصوصی بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں بھی ریڈیو کی اہمیت و افادیت اور اعتباریت بر قرار ہے جتنی کہ ماضی میں تھی۔ تاہم انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے اس دور میں ریڈیو اپنی تابناک شناخت کو سنبھالے ہوا ہے۔ایسے میں آل انڈیا ریڈیو بھی جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق اپنا کام کررہا ہے اور آگے بھی کرتے رہے گا۔