سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کے عالی کدل علاقے میں ہفتہ کی صبح آگ کی ایک ہولناک واردات میں دو رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے وہیں اس دوران ایک خاتون کی بھی موت واقع ہو گئی۔ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ نے گرچہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا تاہم آتشزدگی کی وجہ سے رہائشی مکانات میں موجود املاک کو کافی نقصان پہنچا ہے، وہیں ایک خاتون کی موت کے سبب علاقہ سوگوار ہے۔
پولیس کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’آج صبح اطلاع ملی کی عالی کدل علاقے میں آگ نمودار ہوئی ہے۔ جس کے فوراً بعد جموں و کشمیر پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار وہاں پہنچے اور صورتحال پر قابو پایا گیا، تاہم اس واردات میں دو رہائشی مکانات کو جزوی طور نقصان پہنچا ہے۔‘‘ اُن کا مزید کہنا تھا کہ مکانات میں سے رہائشیوں کو بچانے کے کارروائی کے دوران ایک بزرگ خاتون کی لاش ایک مکان کی رسوئی گھر سے بر آمد ہوئی۔ پولیس افسر نے بتایا کہ فوت ہوئی خاتون کی شناخت 55 سالہ نفیسہ کے طور پر ہوئی ہے، تاہم پولیس افسر نے اس حوالہ سے کہا: ’’ابھی یہ معلوم نہیں ہوا ہے کہ وہ (خاتون) ہلاک کیسے ہوئی، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔‘‘