سرینگر:تاریخی عیدگاہ سرینگر میں امسال عید نماز کا اہتمام ہوسکتا ہے، کیونکہ جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چئیرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے عید گاہ کے اپنے حالیہ دورے کے دوران اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ اس مرتبہ عید الفطر کی نماز عید گاہ میں ادا کرنے کی جازت دی جاتی سکتی ہے۔اس دوران وقف چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اسد کے ہمراہ وہاں مختلف امور کا نہ صرف جائزہ لیا بلکہ عید گاہ میں پُرانے منبر کے متصل ایک نئے منبر کی سنگ بنیاد بھی رکھی۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین نے عیدگاہ جاکر نماز عید کی اجازت دئیے جانے اور وقف کی جانب سے وضو خانوں اور نئے منبر سے متعلق وہاں کے مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔
انہوں نے اس حوالے سے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر عیدگاہ سرینگر میں نماز عید کی اجازت دی جائے گی تو یہ کافی خوش آئند اقدام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح مسجد نماز اور دیگر عبادات کے لیے اسی طرح عید گاہ بھی عید نماز کے لیے ہوتا ہے ۔ایسے میں اگر اس مرتبہ یہاں عیدالفطر کی نماز ادا ہوگی تو یہ نہ صرف عیدگاہ علاقے بلکہ پورے کشمیر کے لئے بے خوشی اور مسرت کی بات ہو گی۔تاہم بات چیت کے دوران مقامی لوگوں نے میرواعظ محمد عمر فاروق کی رہائی کا مطالبہ پھر سے داہرایا اور کہا کہ انتظامیہ کو ان کی طویل نظر بندی کو ختم کرکے انہیں اپنی مذہبی اور ملی فرائض کی انجام دہی کی اجازت دے دی جانی چاہئے۔
قابل ذکر ہے کی 2019 سے قبل عیدگاہ میں نماز عید کے تعلق سے تمام انتظامات انجمن اوقاف جامع مسجد کے زیر نگرانی انجام دئیے جاتے رہے ہیں جبکہ عید الفطر اور عیدالضحی کے موقعے پر میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق نماز عید کا خطبہ دیتے تھے۔
واضح رہے وقف بورڈ کی چئیرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے اتوار کو کہا کہ تاریخی عید گاہ میں موسم ٹھیک رہنے کی صورت میں امسال عید نماز کا اہتمام ہوگا اور اس کے لیے وقف کی جانب سے صفائی ستھرائی کا کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔وہیں انہوں نے کہا کہ عیدگاہ میں وقف کی دو سو کنال اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے،جس کو بھی بہت جلد قابضین سے چھڑایا جائے گا۔