ڈاکٹر بلقیس نے کہا ہے کہ تہاڑ جیل میں تیزی سے پھیل رہے کورونا وبا سے اگر شبیر شاہ کو کچھ ہوا تو ہم اس کو جان بوجھ کر کیا جانے والا ایک قتل قرار دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر تہاڑ جیل سے بدنام زمانہ مجرموں کو پیرول پر رہا گیا ہے لیکن صرف کشمیری قیدیوں کو رہا نہیں کیا جارہا ہے۔
موصوفہ ڈاکٹر جو جواہر لال نہر میموریل ہسپتال سری نگر میں رزیڈنٹ میڈیکل افسر کے بطور تعینات ہیں، نے ان باتوں کا اظہار اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں کیا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے: 'مجھے اپنے شوہر شبیر شاہ جو تہار جیل میں بند ہیں ، کی کال موصول ہوئی وہ کافی علیل ہیں،وہ کئی عارضوں جیسے ذیابیطس، ہائپر ٹینشن وغیرہ میں مبتلا ہیں اور گذشتہ ساڑھے تین برسوں سے تہاڑ جیل میں بند ہیں'۔
موصوفہ نے کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق تہاڑ جیل میں بھی کورونا پھیل گیا ہے اور وہاں کووڈ متاثرہ قیدیوں اور دوسرے قیدیوں میں کوئی امتیاز نہیں برتا جارہا ہے بلکہ میرے شوہر کے نزدیک جانے سے بھی احتراز کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت مزید بگڑ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہاڑ جیل سے دو شفٹوں میں تین ہزار بدنام زمانہ مجرموں کو پیرول پر رہا کیا گیا ہے لیکن کمشیری قیدیوں کو رہا نہیں کیا جارہا ہے۔
موصوفہ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ہماری اپیل ہے کہ اگر شبیر شاہ کو رہا نہیں کیا جاتا تو کم سے کم ان کو تہاڑ جیل سے کشمیر نہیں تو جموں کے کسی جیل میں منتقل کیا جائے تاکہ ہم بھی ان کی ملاقات کو جا سکیں اور ان کی صحت کا تحفظ بھی یقینی بن سکے۔
قابل ذکر ہے کہ سینئر مزاحمتی لیڈر و ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کو جولائی 2017 میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کے معاملے میں سری نگر میں گرفتار کیا تھا اور انہیں بعد ازاں تہاڑ جیل دلی منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ ہنوز بند ہیں۔