سرینگر (جموں و کشمیر):چند روز قبل جموں و کشمیر پولیس نے دارالحکومت سرینگر کے نور باغ علاقے میں ’’بن بلائے شادی میں جانے، ہنگامہ کرنت اور عورتوں کے ساتھ بدتمیزی‘‘ کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا تھا۔ اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے صفا کدل پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او شیخ وکیل نے بتایا کہ ’’پیر کی رات ہمیں شکایت موصول ہوئی کی تین مقامی باشندے - طاہر شیخ، معراج الدین شیخ، اور دانش قیوم - ایک شادی کی تقریب میں زبردستی داخل ہوئے اور وہاں ہنگامہ کیا اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔‘‘
پولیس افسر کے مطابق ’’شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور تینوں افراد کو گرفتار کر لیا۔ حراست میں لیے گئے تینوں افراد گٹھ کالونی کے رہنے والے ہیں اور ان کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہات 147 (ہنگامہ آرائی)، 323 (رضاکارانہ طور پر چوٹ پہنچانا)، 354 (عورت کی پاک دامنی کو زک پہنچانا، اس پر حملہ کرنا یا طاقت کا استعمال کرنا۔ 392 (ڈکیتی ) اور 427 (شرارت کرکے پچاس روپے تک کی املاک کو نقصان پہنچنا) کے تحت صفا کدل تھانے میں ایف آئی آر زیر نمبر 139/2023 درج کی گئی۔ وہیں مجسٹریٹ سے ان تینوں کی سات دن کے لیے پولیس ریمانڈ بھی حاصل کی گئی ہے۔