سرینگر (جموں و کشمیر):بارہمولہ حلقے کے سابق رکن پارلیمان اور جموں کشمیر کے سینئر سیاستدان مظفر حسین بیگ بدھ کے روز اپنی اہلیہ سفینہ بیگ کے ہمراہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی سے ان کی رہائش گاہ واقع نوگام میں ملاقی ہوئے۔ یہ پی ڈی پی سے علیحدگی کے بعد انکی محبوبہ مفتی کے ساتھ پہلی غیر رسمی ملاقات تھی، بیگ اس پارٹی کے سابق صدر بھی رہ چکے ہیں۔
جہاں جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بیگ اور ان کی اہلیہ کے ساتھ ملاقات کو ’’خیر سگالی‘‘ بتایا وہیں مظفر بیگ کے سابق ساتھیوں کا کہنا ہے کہ ’’بیگ صاحب آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش رکھتے ہیں۔‘‘ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بیگ کے ایک قریبی ساتھی نے بتایا کہ مظفر بیگ اب پیپلز کانفرنس کے رکن نہیں ہیں اور اُن کی اہلیہ پارٹی میں ہیں بھی اور نہیں بھی۔ وہ پارٹی کی میٹنگز میں حصہ بھی نہیں لیتی ہیں۔‘‘ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’بیگ دوبارہ رکن پارلیمان بننے کے خواہش مند ہیں اور اس لیے مقامی پارٹیوں کے اراکین سے مل رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ محبوبہ جی سے بھی اسی حوالے سے ملاقات کی ہوگی۔‘‘ اس حوالے سے جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے سفینہ بیگ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو اُن کا فون لگاتار مصروف آیا۔ واٹساپ پر میسیج کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔