سرینگر (جموں و کشمیر):فلسطین اور اسرائیل کے مابین جاری تصادم پر جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی( کی سربراہ محبوبہ مفتی نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ ’’برسوں تک جب بے گناہ فلسطینی مرتے رہے، دنیا خاموشی سے دیکھتی رہی، آج ہر ایک حماس کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کر رہا ہے۔‘‘ یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تصادم میں اب تک دونوں جانب 1100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہفتہ کی صبح حماس کے عسکریت پسندوں نے منصوبہ بند طریقے سے اسرائیل پر حملہ کیا، جس کے بعد اسرائیل نے اسے ’’جنگ‘‘ قرار دیتے ہوئے جوابی حملے شروع کر دیے۔
سرینگر میں پارٹی دفتر پر ایک تقریب کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا: کہ ’’جس طرح اسرائیلی افواج فلسطین میں حملے کر رہی ہیں، اس سے پوری دنیا کو تکلیف ہونی چاہیے۔ مگر دنیا کے زیادہ تر ممالک آج (غفلت سے) اس وجہ سے بیدار ہوئے ہیں کہ اسرائیل میں ہلاکتیں ہوئیں، انہیں آج تک فلسطین میں جاری مظالم سے تکلیف نہیں ہوئی۔‘‘ محبوبہ مفتی نے کہا: ’’میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اور جاری جنگ پر حماس اور اسرائیل دونوں کی مذمت کرتی ہوں۔ مگر افسوس کا مقام ہے کہ دنیا آج دنیا جاگ گئی ہے اور انہیں اس صورتحال میں صرف حماس کی ہی غلطی دکھائی دے رہی ہے اور اسرائیلی مظالم سے وہ پردہ پوشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔‘‘