سرینگر (جموں و کشمیر) :محکمہ موسمیات نے گرم اور مرطوب موسم کے بیچ وادی کشمیر میں 5 سے 7 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 4 جولائی تک موسم گرم اور مرطوب رہ سکتا ہے تاہم اس دوران بعد دوپہر یا شام کے وقت کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 5 سے 7 جولائی تک رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کے بارشیں متوقع ہیں۔
اس بیچ وادی کشمیر کے شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت19.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت 18.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 13.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔