سرینگر:وادی کشمیر میں گزشتہ روز میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی میں ہلکی برفباری کے بعد آج موسم میں بہتری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں موسم 13 اکتوبر تک خوشگوار اور خشک رہنے کا قوی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک وادی میں ہلکی و درمیانی درجے کی بارش و برفباری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز وادی کے میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی بارش ہوئی، جبکہ پہاڑی علاقوں پر ہلکی و درمیانی درجے کی برفباری ہوئی۔
وادی کے پہاڑی علاقے جن میں گلمرگ، سونہ مرگ، پہلگام، بالتل، زوجیلا، ضلع شوپیاں کے پہاڑی علاقے اور بانڈی پورہ کے رازدان ٹاپ پر ہلکی و درمیانی درجے کی برفباری ہوئی ہے جس سے وادی میں مجموعی طور درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی۔زوجیلا پاس پر تازہ برف باری کے باعث سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کچھ وقت کے لئے روک دی گئی۔غور طلب ہے کہ وادی کشمیر میں اگست اور ستمبر میں موسم مکمل طور خشک رہا جس کی وجہ سے یہاں پانی کی قلت ہوئی اور کئی علاقوں میں لوگ پینے کے پانی کے لئے احتجاج کر رہے ہے۔