سرینگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کسانوں سے 9 نومبر کو کھیتی باڑی سے متعلق آپریشنز کو معطل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 7 نومبر کو موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 8 نومبر کو مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 9 نومبر کو بھی مطلع ابر آلودہ رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں (رازدان پاس، سنتھن پاس، سادھنا پاس، زوجیلا، مغل روڈ) پر برف باری ہوسکتی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 10 نومبر کو مطلع ابر آلود ہی رہ سکتا ہے اور صبح کے وقت کہیں کہیں بارشیں بھی ہوسکتی ہیں تاہم بعد ازاں موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد وادی میں 11 سے 15 نومبر تک موسم خشک رہنے کا ہی امکان ہے۔