سرینگر: وادی کشمیر میں موسمی صورتحال مسلسل دگرگوں ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چند روز کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے جس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا بھی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 30 اور 31 جولائی کو موسم جزوی آبر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں یکم اگست سے 3 اگست تک بھی موسم کی یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم، اس دوران بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دریں اثنا وادی میں اتوار کو بھی صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا تاہم آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں کیں۔دگرگوں موسمی صورتحال کے باوصف وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری و ساری ہے۔