اردو

urdu

By

Published : Dec 19, 2019, 10:10 PM IST

ETV Bharat / state

چلہ کلان سے قبل ہی موسم سرما کے تیکھے تیور

اہالیان کشمیر کا کہنا ہے کہ موسم سرما نے امسال روز اول سے ہی اپنے تیکھے تیور دکھا کر لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

چلہ کلان سے قبل ہی موسم سرما اپنے تیکھے تیور میں
چلہ کلان سے قبل ہی موسم سرما اپنے تیکھے تیور میں

چلہ کلان سے چند دن قبل ہی وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ رواں ماہ کی 21 تاریخ سے موسم سرما کے سخت ترین سردی کے 40 دن شروع ہونے والے ہیں لیکن چلہ کلان کی آمد سے پہلے ہی اس کپکپا دینے والی ٹھنڈ نے پوری وادی کو اپنی چپیٹ میں لیا ہے۔ وہیں چند دنوں سے شبانہ درجہ حرارت میںمسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

گزشتہ رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.3 ڈگری سیلشیس درج کیا گیا، جبکہ سیاحتی مقام پہلگام میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.9ڈگری اور گلمرگ میں منفی 7.2 ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔

سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ، قاضی گنڈ میں منفی 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
اس دوران سردی کی وجہ سے کھانسی اور زکام کی بیماریاں بھی گھر گھر دستک دے کر لوگوں کو بلا لحاظ عمر وجنس اپنا شکار بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑرہی ہیں۔

چلہ کلان سے قبل ہی موسم سرما اپنے تیکھے تیور میں

معالجین نے لوگوں کو باہر نکلنے سے پہلے اپنے تن بدن کو گرم ملبوسات سے مکمل طور پر ڈھانپنے کا مشورہ دیا ہے اور عمر رسیدہ لوگوں کے علاوہ چھاتی اور دل کے امراض میں مبتلا لوگوں کو تمام تر احتیاطی تدابیر برتنے کی صلاح دی ہے۔


لوگ اس ٹھٹھرتی سردی سے بچنے کے لئے گرم ملبوسات اور روایتی کانگڑی کےساتھ ساتھ دیگر گرمی دینے والے آلات کا بھر پور استعمال کرتے ہیں۔ علی الصبح سرینگر سمیت وادی کشمیر کے دور دراز علاقوں میں آبی پناہ گاہوں کی اوپری پرت جم جاتی ہے۔ وہیں اس شدید سردی کے دوران لوگوں کو کئی دقتوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

لوگ صبح کافی دیر سے روز مرہ کے کاموں کے سلسلے میں اپنے گھروں سے باہر نکلنے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں۔ جبکہ اس کڑاکے کی ٹھنڈ کی وجہ سے طلبہ و طالبات کو بھی صبح ٹیوشن جانے کے دوران کافی مشکلات پیش آتی ہیں۔

اہلیان وادی کا کہنا ہے کہ موسم سرما نے امسال روز اول سے ہی اپنے تیکھے تیور دکھا کر لوگوں کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سردیوں کے بادشاہ ہونے کے خطاب سے سرفراز چلہ کلان کی آمد میں ابھی ایک دن باقی ہے لیکن اس سے قبل ہی شدیدی سردیوں نے لوگوں کا حال بے حال کردیا ہے۔


یخ بستہ ہوائوں کے باعث اگلے کچھ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے کے امکانات ہیں اگرچہ وادی کشمیر میں دن بھر مطلع صاف ہوتا ہے تاہم محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 20سے 21 دسمبر سے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کے امکانات ہیں۔

چلہ کلان دسمبر کی 21 تاریخ سے شروع ہونے والا ہے جو کہ اگلے سال 2020جنوری کے آخر تک جاری رہے گا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details