محکمہ موسمیات نے جموں، کشمیر اور لداخ میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خراب موسم کے سبب سرینگر - جموں قومی شاہراہ اور مغل شاہراہ پر زمین کھسکنے اور تودے گرنے کے سبب ٹریفک کی نقل و حمل بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
کشمیر میں اتوار سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر اور اس سے متصل علاقوں میں مغربی ہواؤں کے عمل دخل کے نتیجے میں 21 مارچ اتوار کی دوپہر سے موسم ناسازگار رہنے کا امکان ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق ’’مغربی ہواؤں کے عمل دخل کے نتیجے میں جموں، کشمیر اور لداخ میں درمیانہ درجے کی بارش اور برفباری متوقع ہے۔‘‘
محکمہ نے مزید کہا ہے کہ ’’23مارچ دوپہر سے وادئ کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول گلمرگ، سونہ مرگ، بارہوملہ، گریز، کرناہ شوپیاں، قاضی گنڈ-بانہال اور صوبہ جموں کے پیر پنچال خطہ سمیت لداخ کے دراس اور زنسکار میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔‘‘
محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر - جموں قومی شاہراہ اور مغل روڑ سمیت دیگر راستوں پر چٹانیں گرنے اور زمین کھسکنے کے نتیجے میں عارضی طور ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کسانوں سے کھیتوں اور باغات میں دوائی/کھاد چھڑکنے کے عمل کو مؤخر کرنے کی گزارش کی ہے۔