سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے درمیان دھان فصل کی کٹائی کے ساتھ مصروف کسان انتہائی خوش نظر آ رہے ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے قریب ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔JK Weather
غلام محمد نامی ایک کسان جو بڈگام کے پار س آباد نامی ایک گاؤں میں دھان کی کٹائی میں مصروف تھا، نے یو این آئی کو بتایا: ’خشک موسم سے ہی ہماری سال بھر کی محنت ثمر آور ثابت ہوسکتی ہے اور ہم اپنی اس فصل کو گھر لے جا سکتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ ہم سال میں کبھی دھوپ تو کبھی بارشوں کی دعا ضرور کرتے ہیں لیکن اس موسم میں ہماری صرف یہی دعا ہوتی ہے کہ موسم خشک و ساز گار رہے تاکہ ہماری تیار فصل کو کوئی نقصان نہ پہنچ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کئی بار ایسا ہوا کہ فصل تیار تھی بس ہم کاٹنے والے ہی تھے کہ موسم نے کروٹ بدلی زور دار بارشیں ہوئیں یا ژالہ باری ہوئی تو فصل کھیتوں میں ہی گر گئی۔
غلام حسن نامی ایک اور کسان نے کہا کہ خشک موسم سے ہی آج ہماری جان میں جان ہے آسمان پر بادل چھا جاتے ہیں ہمیں گوناگوں خدشات لاحق ہوجاتے ہیں جن سے ہماری نیندیں حرام ہوجاتی ہیں۔ دریں اثنا محکمہ موسمیت کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں ایک ہفتے تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔وادی میں کہیں معمول سے زیادہ تو کہیں معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔