سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ انتظامیہ نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد انٹرنیٹ پابندی کے دوران کان کنی کو ای آکشن کیا جس میں مقامی ٹھیکیدار حصہ نہیں لے پائے-
جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری انہوں کہا کہ بیرونی ٹھیکیداروں کو کان کنی حوالے کرنے سے یہاں ہزاروں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں اور تعمیری کام کاج بھی بند ہوا ہے۔
واضح رہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی سے قبل جموں و کشمیر کے باشندوں کو ہی کان کنی کے ٹھیکے ملتے تھے۔ لیکن تنطیم نو قانون 2019 کے اطلاق کے بعد ملک کی دیگر ریاستوں کے ٹھیکیدار ای آکشن میں حصہ لینے کے مستحق قرار پائے اور انٹرنیٹ پابندی کے دوران صرف دیگر ریاستوں کے ٹھیکیداروں نے ہی اس میں حصہ بھی لیا تھا-
الطاف بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ان ٹھیکہ داروں کو لازمی ماحولیات کلیرنس ابھی تک نہیں ملی ہے اور یہ غیر قانونی طور پر کام کنی کر رہے ہیں۔ انہوں کہا کہ اپنی پارٹی انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ ایک ہفتے میں وہ ان ٹھیکوں پر نظر ثانی کریں ورنہ اپنی پارٹی سڑکوں پر احتجاج کرے گی-
انہوں نے کہا: 'جموں وکشمیر کے دونوں خطوں میں سال 2018 میں ترقی کا کوئی کام نہیں ہوا ہے صرف ہوائی گھوڑے دوڑائے گئے ہیں اب عوامی سرکار آئے گی اور دونوں خطوں میں ترقیاتی کام کئے جائیں گے'۔
موصوف نے دعویٰ کیا کہ اپنی پارٹی سنیجدگی سے لوگوں کے مسائل کو اجاگر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا: 'اپنی پارٹی سنیجدگی سے لوگوں کے مسائل کو اجاگر کر رہی ہے ہم نے راشن کا مسئلہ بھی اجاگر کیا تھا اب کچھ لوگ اس کو سیاست قرار دیتے ہیں ہمیں اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت ہونے کے ناطے اپنی پارٹی عوامی مسائل کو اجاگر کرتی رہے گی تاکہ لوگوں کو کچھ نہ کچھ راحت پہنچائی جا سکے۔
پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر کا بجٹ پیش کئے جانے کے بارے میں موصوف صدر نے کہا: 'ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے بجٹ میں تیس چالیس فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ ترقی کا جو خواب ہمیں دکھایا گیا وہ پورا ہو سکے'۔
مظفر حسین بیگ کے پیپلز کانفرنس میں جوائن کرنے کے بارے میں مسٹر بخاری نے کہا: 'اپنی پارٹی ایک کریڈٹ لینا چاہتی ہے جب یہاں سیاسی سرگرمیاں تھم گئی تھیں تو ہم سامنے آئے اور لوگوں کو ایک امید دی۔ جتنی سیاسی جماعتیں آئیں گی اتنا سیاست کے لئے اچھا ہے'۔ انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کے لئے حسب استطاعت لڑتے رہیں گے۔