سرینگر:محکمہ جل شکتی نے موجودہ خشک سالی کے پیش نظر خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کہ طویل خشک موسم کے نتیجے میں وادی کشمیر میں آبی ذخائر جزوی طور پر خشک ہو رہے ہیں۔ایسے میں روزمرہ پانی کا استعمال مناسب اور محتاط طریقے سے کیا جائے۔
محکمے کے چیف انجینئر سنجیو ملہوترا نے کہا کہ وادی بھر کے آبی ذخائر جزوی طور پر خشک ہوگئے ہیں،جس کی وجہ سے باقاعدہ طور پانی کی فراہمی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اگرچہ احتیاطی اقدام کے طور پر تمام پورٹیبل واٹر سپلائی ٹینکرز الرٹ موڈ اور تیاری کی حالت میں رکھے گئے ہیں،تاہم عوام کو موجودہ موسمی صورتِ حال کو بانپتے ہوئے پانی کا استعمال مناسب مقدار میں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی اور وسطی کشمیر کے کچھ علاقوں میں نظر رکھی جا رہی ہے جہاں پانی کی قلت کی شکایات بڑھ رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ پانی کے سب سے بڑے ذرائع بشمول جھیلوں اور ندیوں کا سطح آب نہایت ہی کم چلا گیا ہے، جس سے خطے میں پانی کی کمی کے بحران کا خدشہ پیدا ہو رہا ہے۔