اردو

urdu

ETV Bharat / state

UT Foundation Day: جموں و کشمیر میں منائی جا رہی ہیں’ یو ٹی یوم تاسیس‘ تقاریب - جموں و کشمیر اور لداخ میں یونین ٹیریٹری یوم تاسیس

جموں و کشمیر اور لداخ میں یونین ٹیریٹری یوم تاسیس کی نسبت سے سرکاری سطح پر ہر بلاک، پنچایت اور ضلع میں تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔

a
a

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 31, 2023, 12:48 PM IST

سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت دفعہ 370کی منسوخی اور ریاست کو دو وفاقی علاقوں - یو ٹی جموں و کشمیر، یو ٹی لداخ - میں منقسم کرنے کے بعد سے ہر برس حکومتی سطح پر اس دن کو ’’یونین ٹیریٹری یوم تاسیس‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ پانچ اگست 2019کو پارلیمنٹ میں مرکزی سرکار نے جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ متعارف کرکے جموں کشمیر کی نیم خودمختاری کو کالعدم قرار دیا اور 31اکتوبر 2019سے ریاست کو یونین ٹیریٹری کا درجہ دیا گیا۔

رواں مہینے کے آغاز میں جموں و کشمیر انتظامیہ نے 31 اکتوبر کو ’’یونین ٹیریٹری یوم تاسیس‘‘ (Union Territory Foundation Day) کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق یہ ان تمام مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ایک کوشش ہے جو چار سال قبل اس خطہ کو یونین ٹیریٹری کے طور پر قائم کیے جانے کے بعد سے انجام دی گئی ہیں۔ افسران کا دعویٰ ہے کہ ’’اس دن کی کامیابی کو یقینی بنانے کے احکامات تمام پولیس اہلکاروں اور ملازمین کو دے گئے ہیں۔ اس تناظر میں ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنرز نے گزشتہ ہفتے متعدد میٹنگز بھی منعقد کیں۔‘‘

حکام کے مطابق سبھی اضلاع کی پنچایتوں، بلاکس حتی کہ تعلیمی اداروں میں بھی اس دن کی نسبت سے تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ مزید یکہ، ڈپٹی کمشنرز نے ضلع میں عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنچایت راج انسٹی ٹیوٹ کے ممبران کی جانب سے سیلفیز پوسٹ کرنے کو بھی یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں مقامی آبادی کی شرکت کو یقینی بنانے کی غرض سے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس ضمن میں عوام کو با خبر کرنے کی غرض سے گھر گھر جاکر ’’یو ٹی یوم تاسیس‘‘ کی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔

مزید پڑھیں:پانچ اگست 2019 کی وہ یادیں جو آج بھی تازہ ہیں

بلاک، پنچایت اور ضلع سطح پر اس دن کی نسبت سے تقاریب اور پروگرامز کے علاوہ کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر، سرینگر میں منعقدہ تقریب میں جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر عوام سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح کے پروگرام لداخ یونین ٹیریٹری کے لیے بھی ترتیب دئے گئے ہیں۔ جبکہ صدر ہند دروپدی مرمو لداخ UT کے چار سال مکمل ہونے پر لیہہ میں ایک اجتماع سے خطاب کریں گی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details