سرینگر (جموں کشمیر) :پیران پیر، غوث الاعظم کے القاب سے معروف شیخ سید عبد القادر جیلانی رحمہ اللہ کے عرس پاک کے موقع پر جموں کشمیر کے طول و ارض میں مساجد و خانقاہوں اور بقعہ جات میں تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس ضمن میں وادی کشمیر میں سب سے بڑی تقریب آستان عالیہ دستگیر صاحب خانیار میں منعقد کی گئی جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
آستانہ عالیہ خانیار میں گزشتہ 11 دنوں سے عرس پاک کی نسبت سے ختمات المعظمات، اورادِ قادریہ کے علاوہ نعت و درود کی مجالس آراستہ ہوئیں۔ قبل ازیں گزشتہ شب وادی کے اطرف و اکناف سے آئے عقیدت مندوں نے شب خوانی میں شرکت کرکے پیران پیر کے تئیں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ نماز جمعہ کے موقع پر آستان عالیہ خانیار میں ہزاروں عقیدت مندوں نے جمعہ کی نماز میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر ’’یا شیخ سید عبدالقادر شیئا للہ‘‘ کے نعروں کے بیچ تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔