سرینگر:وادی بھر میں آج عالم اسلام کے سرکردہ مصلح، داعی اور اہل کشمیر کے سب سے بڑے محسن امیر کبیر حضرت میر سید علی ہمدانی ؒکا 657 واں عرس پاک نہایت ہی عقیدت و احترام اور تزک واحتشام کے ساتھ منایا گیا۔ اس مناسبت سے سب سے بڑی تقریب سرینگر کے پائین شہر میں واقع تاریخی خانقاہ معلیٰ میں منعقد ہوئی، جہاں عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے ختمات المعظمات، درود اذکار، نعت و منقبت اور اوراد خوانی کی خاص مجالس میں شرکت کی۔ Urs of Hazrat Mir Syed Hamadani
اس موقع پر جمعیت ہمدانی کے سربراہ مولانا ریاض ہمدانی نے حضرت میر سید ہمدانیؒ کی زندگی، تعلیمات اور دین اسلام کے تئیں ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ خانقاہ معالی میں نماز فجر اور ظہر کے بعد امیر کبیر حضرت میر سید علی ہمدانی کے تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔
برصغیر کے بزرگان دین کے درخشندہ آفتاب حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ نے پوری زندگی اللہ کی وحدانیت، کلمہ الحق،اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے وقف کی اور وادی کشمیر میں دین اسلام کی مشعل روشن کی، جس کے لیے پوری کشمیری قوم روز آخر تک امیر کبیرؒ کی مرہون منت رہیں گے۔