سرینگر:صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر – جموں قومی شاہراہ پر اب روزانہ بنیادوں پر دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ فروٹ گروروس کے لئے ہی نہیں بلکہ تمام لوگوں کے لئے خوشی کی بات ہے۔
موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'پہلے ایک شیڈول کے مطابق قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حمل ہوتی تھی، ایک دن کانوائے کے آنے کا اور دوسرے دن جانے کا وقت ہوتا تھا'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اب روڈ کی حالت بہتر ہوئی ہے اور چیف سکریٹری صاحب نے بھی روڈ کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے، لہذا اب اس پر کوئی پابندی نہیں ہوگی اور روزانہ بنیادوں پر بڑے ٹرک بھی بغیر روک ٹوک کے چلیں گے'۔انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف فروٹ گرورس کے لئے بلکہ تمام لوگوں کے لئے خوشی کی بات ہے۔
وجے کمار بدھوری نے کہا کہ جب فروری 2019 میں سی آر پی ایف کی کانوائے پر حملہ ہوا تھا تو حکام اور سکیورٹی کے متعلقین نے قومی شاہراہ پر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ لیا تھا کہ اس پر ایک دن کانوائے اور دوسرے دن باقی ٹریفک کی نقل و حمل کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اب قومی شاہراہ پر سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے لہذا میوہ سے لدے ٹرکوں اور دوسرے ٹریفک کی روزانہ نقل وحمل کی اجازت دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہ پر پہلے ڈوائیڈر وغیرہ کی سہولیت بھی نہیں تھی۔