سرینگر (جموں و کشمیر):جہاں ایک جانب پاکستان اور چین نے کشمیر میں جی 20 اجلاس کی میزبانی پر اعتراض ظاہر کیا ہے وہیں اس بیچ بھارت میں برطانوی ہائی کمشنر نے ٹورازم ورکنگ گروپ کے سرینگر میں 22-24 مئی تک منعقدہ تقریب میں برطانیہ کے نمائندوں کی شرکت کی تصدیق کی ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن نے ’’انٹیگریٹڈ ریویو ریفریش‘‘ کی ریلیز پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان باتوں کا اظہار کیا۔ تقریب میں انہوں نے سیکورٹی، دفاع، ترقی اور خارجہ پالیسی کے شعبوں میں برطانوی حکومت کی ترجیحات اور منصوبوں کا ذکر کیا۔ سوالات کے جوابات دیتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر الیکس ڈبلیو ایلس نے دیگر شعبوں بالخصوص دو طرفہ تعلقات کے پہلوؤں پر بھی گفتگو کی۔
اس سوال پر کہ کیا برطانیہ جی 20 تقریب کے لیے نمائندوں کو سرینگر بھیجے گا؟ انہوں نے کہا، ’’ہم ٹورزم ورکنگ گروپ کے لیے کشمیر میں (موجود) ہوں گے۔ ہم بھارت کی جی 20 صدارت کے دوران پورے بھارت میں ورکنگ گروپ کے اجلاسوں میں شرکت کرتے رہے ہیں۔‘‘ جی 20 ممالک کے نمائندوں کے علاوہ بین الاقوامی اداروں اور مہمان ممالک کے مندوبین بھی ہوں گے جو معروف ڈل جھیل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں ملاقات کریں گے۔ ایس کے آئی سی سی جی ٹونٹی اجلاس کا مرکزی مقام ہے۔ توقع ہے کہ 200 مندوبین اس میں شریک ہوں گے اور اس میں جی 20 ممالک کے مندوبین، بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ساتھ مہمان ممالک کے مندوبین بھی شامل ہوں گے۔