مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی ہفتہ کے روز مرکز کے زیر انتظام لداخ کے دو روزہ دورے پر لہہ پہنچے۔ لداخ میں رواں مہینے کی 22 تاریخ کو لہہ آٹو ناموس ہل ڈیویلپمنٹ کونسل کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ یہاں ہندوستان اور چین کے درمیان کشیدگی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ایسے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کا لداخ دورہ کافی اہم ہے۔
لداخ پہنچنے کے بعد ریڈی نے سماجی رابطہ کی ویبسائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ وہ نوبرہ وادی جا رہے ہیں جہاں وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کے حق میں مہم میں شرکت کریں گے۔
اُن کا کہنا ہے کہ 'لداخ کی دلکش وادیوں میں پہنچنے کے بعد میں لہہ سے نوبره جا رہا تھا اور راستے میں مجھے بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے جوانوں سے بات کرنے کا موقع ملا۔ یہ لوگ بہت محنت سے 18600 فیت کی اونچائی پر نوبره وادی اور خردنگلہ سڑک پر عوام کے لیے انفراسٹرکچر تعمیر کر رہے ہیں۔'
ریڈی کو آج شام لداخ کے ہندر اور ڈسکیٹ علاقوں میں عوامی ریلی سے خطاب کرنا ہے اور پارٹی کے سینئر لیڈران سے ملاقات کرنا بھی متوقع ہے۔