سرینگر (جموں و کشمیر):ریلوے، مواصلات اور الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ ادھم پور - سرینگر بارہمولہ - ریلوے لنک (یو ایس بی آر ایل) کو جنوری 2024 تک عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ یو ایس بی آر ایل پروجیکٹس پر بنیادی ڈھانچے سے متعلق کاموں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا ’’کشمیر کو ریل کے ذریعے دسمبر 2023 یا جنوری 2024 تک ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑ دیا جائے گا اور لوگ ان (ریلوے) خدمات کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔‘‘
مرکزی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ’’اس روٹ پر خصوصی ڈیزائن کردہ وندے بھارت ٹرین بھی ہوں گی۔ یہ ٹرین کشمیر کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جا رہی ہیں۔ آپ کو ٹرین تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ یہ ٹرین دیگر پٹریوں پر بھی چلیں گی۔‘‘ رواں برس ریلوے کے لیے بجٹ مختص کرنے کے بارے میں مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ 5,983 کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ، جموں و کشمیر کے لیے ریلوے پروجیکٹس میں سب سے زیادہ مختص رقم رکھی گئی ہے۔