سرینگر:جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں مئی کے آخری ہفتے میں بین الاقوامی سمٹ - جی ٹونٹی - کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آج مرکزی داخلہ سیکریٹری اجے بھالا اور متعلقہ افسران سرینگر پہنچ رہے ہیں۔ اجے بھالا کے علاوہ ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیرو اور دیگر متعلقہ افسران بھی سرینگر میں منعقدہ اس میٹنگ میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس میٹنگ میں جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ، چنار کور کے جی او سی، سی آر پی ایف اور متعلقہ سیکورٹی افسران بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ جموں کشمیر انتظامیہ جی ٹونٹی کی میزبانی کے لئے تمام طرح کی تیاریوں میں محو ہے۔ 22 سے 24 مئی تک یہ سمٹ سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقد ہوگا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں جی ٹونٹی کے علاوہ راجوری حملے، امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ جی ٹونٹی اجلاس کو کشمیر میں منعقد کرنے پر پاکستان اور چین نے اعتراض ظاہر کیا ہے تاہم بھارت نے ان ممالک کو باور کیا ہے کہ ’’یہ (جی ٹونٹی) ملک کا اندرونی معاملہ ہے‘‘ جس میں یہ ممالک مداخلت نہیں کر سکتے ہیں۔