سرینگر (نیوز ڈیسک):مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعرات کو قومی دارالحکومت دہلی میں جموں و کشمیر کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ ان کی اس میٹنگ کا باضابطہ طور بدھ کو ہی اُس وقت اعلان کیا گیا جب جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے چکورا علاقے میں عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم شروع ہوا۔
توقع ہے کہ وزیر داخلہ سکیورٹی گرڈ کے کام کاج اور سکیورٹی سے متعلق مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیں گے اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کریں گے۔ یہ جائزہ میٹنگ تقریباً 3 بجے وزارت داخلہ کے نارتھ بلاک آفس میں منعقد ہونے کی امید ہے جس میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، ہوم سیکریٹری اجے بھلا، جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ، وزارت داخلہ اور سنٹرل آرمڈ فورسز کے دیگر سینئر افسران بھی شرکت کریں گے۔
ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو تپن ڈیکا اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل ایس ایل تھاؤسین بھی اس میٹنگ میں موجود رہیں گے۔ را (RAW) کے سربراہ اور مرکز کے دیگر اعلیٰ حکام بشمول جموں و کشمیر کے اعلیٰ افسران کی بھی میٹنگ میں شرکت متوقع ہے۔ جموں و کشمیر میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں سے متعلق معاملات بھی میٹنگ کے ایجنڈے میں ہونے کی امید ہے۔