سرینگر:جموں کشمیر میں'ٹارگیٹ کیلنگ' اور تیس جون سے شروع ہونی والی سالانہ امرناتھ یاترا کے لیے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی سربراہی میں منگل کے روز نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطح کی جائزہ میٹنگ منعقد ہورہی ہے۔ میٹنگ میں مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلا اور تمام سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز اور مرکزی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان، وزرات داخلہ کے دیگر سینیئر افسران، جموں کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا، چیف سکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے داخلہ آر کے گوئل، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں کشمیر دلباغ سنگھ اور اسپیشل ڈی جی سی آئی ڈی رشمی رنجن سوین بھی شامل ہونگے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ کل یعنی منگل کو دہلی کے نارتھ بلاک میں صبح 11 بجے مقرر ہے اور اس میٹنگ کی صدارت مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کریں گے۔ اس سلسلے میں جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور دلباغ سنگھ کے علاوہ متعلقہ افسران آج سرینگر سے نئی دہلی کے لیے روانہ ہوئے۔ اس اعلیٰ سطح کی سکیورٹی جائزہ میٹنگ سے قبل آج سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ جموں پہنچے اور نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ بھگوتی نگر علاقے میں یاتری نواس میں شری امرناتھ یاترا کیلئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔