گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے کمیونٹی میڈیسن شعبے نے قومی صحت مشن کے اشتراک سے کورونا مخالف ویکسینیشن شروع کرنے سے قبل ڈاکٹروں اور دیگر نیم طبی عملے میں کورونا مخالف اینٹی باڈیز سے متعلق ایک سروے عمل میں لایا ہے۔ جس میں پایا گیا ہے کہ 27.6 فیصد ہیلتھ ورکز میں ہی وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز موجود ہیں۔
یہ تحقیق جی ایم سی کے علاوہ دیگر عام ہسپتالوں اور پولیس ہسپتالوں میں کیا گیا ہے۔ سروے کے انچارج اور جی ایم سی کمیونیٹی میڈیسن شعبے کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم خان کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ کووڈ مخالف ٹیکہ لگانا نہایت ہی لازمی ہے۔ کیونکہ جسم میں موجود اینٹی باڈیز کا تناسب کم ہوتا جارہا ہے۔
گزشتہ برس کے آخر میں بھی گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے کمیونٹی میڈیسن شعبے نے مختلف طبی اداروں کے تعاون سے وادی کشمیر میں ضلعی سطح پر سروے کرایا اور اس تحقیق میں اس بات کا خلاصہ کیا گیا تھا کہ کشمیر میں ہر 10میں سے 4 افراد میں کووڈ-19 مخالف اینٹی باڈیز موجود ہیں۔