سرینگر - جموں قومی شاہراہ پر ہفتہ کو بھی گاڑیوں کی آمد ورفت بند رہے گی۔ ٹریفک حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پر موسلا دھار بارشوں کے باعث متعدد مقامات پر چٹانیں گر آنے اور زمین کھسکنے کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہفتہ کو بھی شاہراہ پر ٹریفک بند رہے گا۔
ٹریفک حکام نے ڈرائیوروں کو انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اگر رات کو موسم ٹھیک رہا تو سنیچر کی صبح کو ہی شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بحال کیے جانے کا فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔ تاہم لگاتار بارشوں کے پیش نظر شاہراہ کو بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع رام بن کے بانہال میں کئی مقامات پر مٹی کے تودے گر آنے کے سبب شاہراہ پر ٹریفک پوری طرح سے بند پڑا ہوا ہے۔ وہیں محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔