سرینگر:رواں ماہ کے آخری عشرہ میں کشمیر میں بین الاقوامی جی20 سمٹ کا انعقاد ہورہا ہے۔ اس کے لیے انتظامیہ نے تمام ترانتظامات مکمل کیے ہیں۔ وہیں سکیورٹی کے حوالے سے انتظامیہ نے پہلے ہی خاصے انتظامات کیے ہیں، تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ اس دوران پیش نہ آئے۔ سکیورٹی کے حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر، وجے کمار نے کہا کہ اس سمٹ کے لیے تین درجے سیکورٹی کا بندوبست کیا گیا اور اس کے لیے این ایس جی اور فوج کی مدد بھی لی جائے گی۔
وجے کمار نے کہا کہ سمٹ کے لیے سکیورٹی کے تمام انتظامات کر لیے گئے ہیں، جن میں تین درجے سیکورٹی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران اینٹی ڈرون آلات نصب کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا ڈل جھیل کے لیے مارکوس کو تعینات کیا جائے گا، اس کے علاوہ پولیس ٹیم بھی وہاں موجود ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز سمٹ کو خوش اسلوبی سے اور کامیابی سے منعقد کرنے کے لیے وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران عام لوگوں پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔جو لوگ یہ افواہ پھیلا رہے کہ میٹنگ کے دوران عام لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی ہوگی ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی سمٹ ہے اور سکیورٹی فورسز کو پہلے ہی پریف کیا گیا کہ عوام کو اس دوران کسی قسم کی پریشانی نہ ہونی چاہیے۔