کشمیر میں یو اے پی اے کیسز کی سماعت کے لئے مزید تین عدالتیں قائم سرینگر:جموں و کشمیر انتظامیہ نے یو اے پی اے (UAPA) کیسز کی سماعت کے لئے مزید تین عدالتیں قائم کی ہیں جنہیں موجودہ ضلعی عدالتوں میں مختص کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وادی کشمیر میں تین ہی ایسی عدالتیں تھیں جہاں یو اے پی اے قانون کے تحت قید ملزمین کے مقدمات کی سماعت ہوتی تھی۔ محکمہ قانون کے سیکریٹری آچل سیٹھی نے اس پیش رفت کے متعلق بدھ کو ایک نوٹیفیکیشن جاری کر دی ہے۔ Three More Courts for UAPA Cases in Kashmir
اس نوٹیفکیشن، جو نیشنل انویسٹگیشن ایکٹ-2008 کے تحت جاری کی گئی ہے، کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج (TADA/POTA) سرینگر کو سرینگر اور گاندربل کے اضلاع کے مقدموں کی سماعت کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع اننت ناگ کے یو اے پی اے مقدموں کی سماعت کرے گا۔
ضلع بارہمولہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسی ضلع کے مقدموں کی سماعت کریں گے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اور سیشن جج پلوامہ، ضلع پلوامہ اور بڈگام میں درج یو اے پی اے مقدموں کی سماعت کرے گا۔ وہیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (فاسٹ ٹریک کورٹ) کولگام، شوپیاں اور کولگام جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، بانڈی پورہ کپوارہ اور بانڈی پورہ اضلاع کے کیسز کی سماعت کریں گے۔
مزید پڑھیں: What is UAPA Act: "یو اے پی اے" قانون کیا ہے؟
اس سے قبل کشمیر میں یو اے پی اے مقدمات کے لئے محض تین ہی عدالتوں - بارہمولہ، اننت ناگ اور سرینگر - میں سماعت ہوتی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ انتظامیہ نے یو اے پی اے قانون کے تحت ملزمین میں اضافہ ہونے کی پیش نظر یہ اقدام اٹھایا ہے تاکہ ان مقدموں کی سماعت جلد ہو سکے۔