سرینگر (جموں و کشمیر) :پیر کے روز شہر سرینگر کے مضافاتی علاقہ پارمپورہ میں پولیس اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی مشترکہ کارروائی کے دوران بھیک مانگنے پر مجبور کیے جا رہے بچوں کو دلالوں کے چنگل سے ریسکیو کیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق چائلڈ ویلفئیر کی ایک ٹیم نے جموں وکشمیر پولیس کے ہمراہ پارمپورہ علاقے کے علاوہ سرینگر کے دیگر علاقوں میں چھاپہ مارا اور اس دوران پارمپورہ میں سڑکوں پر بھیک مانگ رہے 3 بچوں کے علاوہ دیگر علاقوں سے بھی کئی غیر مقامی بچوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ سرینگر میں بچوں کے خلاف جرائم میں کافی تیزی سے اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں اپریل 2022 سے اپریل 2023 تک بچوں کے خلاف جرائم کے 71 واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں عصمت دری کے 22 واقعات،40 بچوں کو زبردستی بھیک منگوانا، بچوں کو لاوارث چھوڑنے کے 2 واقعات اور بچے کو ترک کرنے کا ایک واقعہ شامل ہے۔