سرینگر:جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کے نٹی پورہ علاقے میں پولیس نے ٹی آر ایف ( لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ) سے وابستہ تین عسکریت پسند معاونین کو گولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سرینگر پولیس نے ہرنہ بل نٹی پورہ کے نزدیک ایک ناکہ لگایا جس دوران تین عسکریت پسند معاونین جن کی شناخت عمران احمد نجار ولد مرحوم عبدالرحمن نجار ساکن بلبل باغ بارہمولہ، وسیم احمد مٹا ولد طاریق احمد مٹا ساکن قمر واری سرینگر اور وکیل احمد بٹ ولد نذیر احمد بٹ ساکن پازالپورہ بجبہاڑہ کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لائی۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان کی جامہ تلاشی کے دوران تین ہینڈ گرینیڈ، دس پستول گولیوں کے راؤنڈ، 25اے کے راؤنڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وکیل احمد بٹ اس سے قبل ’’آئی ایس جے کے‘‘ کا ایک سرگرم جنگجو تھا اور دو سال تک جیل میں رہنے کے بعد حال ہی میں اسے سینٹرل جیل سے ضمانت پر رہا گیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ تینوں سرینگر شہر میں عسکریت پسندانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کی خاطر منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔