اردو

urdu

Friday Following Eid i Milad ul Nabi کشمیر میں عید میلادالنبی(ص) کی اختتامی تقریب پر روح پرور مجالس

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 6, 2023, 8:13 PM IST

آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ شوپیاں، جناب صاحب صورہ، تاریخی جامع مسجد سرینگر، زیارت علمدار کشمیر چرار شریف اور دوسری عبادت گاہوں میں بھی عید میلاد النبی (ص) کی اختتامی تقریبات منعقد ہوئے۔

thousands-offer-prayers-in-dargah-on-the-occasion-of-friday-following-eid-i-milad-ul-nabi
کشمیر میں عید میلادالنبی(ص) کی اختتامی تقریب پر روح پرور مجالس

سرینگر: وادی کشمیر میں جمعہ کے روز عید میلاد النبی (ص) کی اختتامی تقریبات نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں۔ اس سلسلے میں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا،جن میں علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔

تازہ تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر میں جمعے کے روز عید میلاد النبی (ص)کی اختتامی تقریب کے حوالے سے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی، جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص) نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔درگاہ حضرت بل میں نماز جمعے کے بعد عاشقان رسول (ص)موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔

درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مردو زن نے شرکت کی۔وہیں آثار شریف شہری کلاش پورہ ، پنجورہ شوپیاں، جناب صاحب صورہ ، تاریخی جامع مسجد سرینگر، زیارت علمدار کشمیر چرار شریف اور دوسری عبادتگاہوں میں بھی روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔

انتظامیہ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے، جن میں بلا خلل،بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور جموں وکشمیر بینک نے درگاہ حضرت بل میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:Kashmir Milad Celebrations: کشمیر میں مذہبی جوش کے ساتھ میلاد کی تقاریب کا اہتمام

عقیدت مندوں کو درگاہ تک لانے اور لے جانے کے لئے اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) نے دیر رات تک ٹرانسپورٹ سہولیت دستیاب کی تھی۔عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے وادی میں جمعے کو درجنوں مقامات پر جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔

دریں اثنا وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے بھی درگاہ حضرت بل میں نماز جمعہ ادا کی جس دوران انہوں نے انتظامات کا از خود جائزہ لیا۔اس موقع پر زائرین نے وقف چیئرپرسن سے ملاقات کی اورانہیں درپیش مسائل کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی۔چیئر پرسن نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔

(یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details