بھارتیہ جن سنگھ جو کہ بعد میں بھارتیہ جنتا پارٹی بن گئی، کے بانی شیاما پرساد مکھرجی نے جموں و کشمیر کے لئے خصوصی درجہ کی ہمیشہ مخالفت کی۔ 11 مئی 1953 کو شیاما پرساد مکھرجی، آنجہانی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے ساتھ بغیر اجازت کے ریاست میں داخل ہوئے جہاں انہیں گرفتار کیا گیا اور دوران حراست ہی ان کی موت بھی ہو گئی۔
مرکز میں بی جے پی کی حکومت نے رواں سال پانچ اگست کو جب آرٹیکل 370 میں ترمیم کر کے خصوصی درجہ کو ختم کر دیا تو شیاما پرساد مکھرجی کی جد جہد کو یاد کرنے کے لئے سرینگر کے تاریخی لال چوک پر شیاما پرساد مکھرجی کی فلک بوس اور عالیشان مورتی نصب کرنے کے مطالبات سامنے آنے لگے۔ اس وقت حکومتی ذرائع نے بھی مورتی نصب کرنے کے اشارے دئے تھے۔