لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے پیر کو تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے اضلاع کی قبائلی آبادی سے متعلق امور اور منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے کم سے کم ہر ماہ ایک میٹنگ منعقد کریں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ آبادی کے مسائل کو ترجیح دیں تاکہ فوری طور ان کا ازالہ کیا جاسکے۔
مشیر موصوف نے اسپیشل سینٹرل اسسٹنس (ایس سی اے) کے ساتھ ٹرائبل سب پلان (ٹی ایس پی) کے تحت اٹھائے گئے ہر منصوبے اور قبائلی سب اسکیموں (ٹی ایس ایس) میں اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
میٹنگ میں سیکرٹری قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اعجاز اسد، ایڈیشنل پی سی سی ایف، ناظم باغبانی، ناظم پشو پالن، ایم ڈی جے اینڈ کے ہاﺅسنگ بورڈ، پی ڈبلیو ڈی، جے کے پی سی سی اور سی پی ڈبلیو ڈی کے چیف انجینیئران نے شرکت کی۔ جب کہ میٹنگ میں تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں اور جموں کے افسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میں حصہ لیا۔ مشیر موصوف نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں سے پہلے تمام زیر التوا منصوبوں کو مکمل کرنے کو کہا۔
انہوں نے متعدد مرکزی اسکیموں کے تحت نشاندہی کیے جانے والے تمام منصوبوں کے لئے جلد از جلد ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ آئندہ کام کے سیزن میں ان منصوبوں پر کام شروع کیا جائے۔
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں اس آبادی کے لئے رہائشی اسکولوں، ہوسٹلوں، روزگار اور آمدنی پیدا کرنے والے یونٹوں کے قیام کا جائزہ لینے کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ خانہ بدوش آبادی کی نقل و حمل کو آسان بنائیں اور ان کے حقوق کو قانونی تحفظ دیں۔