نئی دہلی:چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے بدھ کے روز نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی سے الیکشن شیڈول میں خلل نہیں پڑے گا جبکہ انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا عمل پولنگ کا حصہ ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد مختلف چیزوں پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی آئی کو اس بات کا علم ہے کہ مرکزی زیرانتظام علاقے میں کافی عرصہ سے اسمبلی انتخابات منعقد نہ کرنے سے ایک خلا پیدا ہوا ہے جسے پر کرنے کی شدید ضرورت ہے۔
جموں و کشمیر میں انتخابی فہرستوں کی تازہ نظرثانی پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس عمل کا مقصد جموں و کشمیر کی ووٹر لسٹ کو باقی ملک کے برابر لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹرز کے اندراج کے لیے کوالیفائنگ کی چار تاریخیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یکم جنوری کو ووٹر سمری کی نظرثانی کی تاریخ ہوتی ہے، تاہم جموں وکشمیر میں نئی حد بندی کے بعد ووٹر فرستوں کی نظر ثانی اکتوبر میں کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری نظر ثانی کا مقصد جموں و کشمیر کی ووٹر لسٹ کو باقی ملک کے برابر لانا ہے۔