جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کورونا لہر کی روک تھام کے لئے افسروں، ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے دس دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ان دس دنوں کے دوران مل کر اسی لگن و محنت سے کام کیا تو ہم اس مصیبت سے ضرور چھٹکارا پائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے افسروں، ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی متحدہ کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ہمارے حالات ملک کے دیگر حصوں سے بہتر ہیں۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار یہاں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کے دوران افسروں سے خطاب کے دوران کیا ہے۔
انہوں نے کہا: 'پچھلے کچھ دنوں سے آپ لوگ، ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ سخت لگن و محنت سے کام کر رہے ہیں اور آپ لوگوں کی متحدہ کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ہمارے حالات ملک کے دیگر حصوں سے بہتر ہیں، میں آپ لوگوں کی ان کاوشوں کی سراہنا کرتا ہوں'۔