سرینگر: جہاں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث زندگی کا ہر ایک شعبہ متاثر ہوا ہے وہیں لوگوں کی آمدنی کے ذرائع بھی کم ہوتے نظر آرہے ہیں۔ ان سب کے درمیان سرینگر شہر کا اسکریپ مارکیٹ دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے کیونکہ یہاں تعمیری کام میں استعمال ہونے والا سامان آسانی سے بلکہ واجب قیمتوں پر دستیاب ہے۔
گھر کی کھڑکیاں ہوں یا دروازے، میز ہوں یا الماری سب یہاں فروخت کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں اور بیرونی ممالک سے بھی لوگ یہاں کشمیری تاریخ کی نایاب چیزوں کی تلاش میں آتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اس بازار کے تاجر محمد ابراہیم پختون کا کہنا تھا "اس بازار کو تقریباً 35 برس ہوگئے ہیں اور تب سے یہاں کام چل رہا ہے۔ یہاں نئی پرانی لکڑی اور لوہے کا سامان ملتا ہے۔ جب کوئی اپنا پرانا مکان گراتا ہے تو وہ سارا سامان ہمارے پاس آتا ہے۔ پھر غریب اور پسماندہ افراد اس سامان کو خریدتے ہیں۔ اکثر سامان آدھی قیمت پر فروخت کیا جاتا ہے۔"