نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی اقتصادی حالت انتہائی خراب ہے اور ان کے پاس اشیائے ضروریہ و ادویات خریدنے کے لئے درکار پیسے بھی نہیں ہیں۔
انہوں نے کورونا وائرس یا کورونا لاک ڈائون کے متاثرین کی مدد کے لئے 'ایک فنڈ' قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مدد کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کا ایک غیر معمولی ورچول اجلاس پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں جمعرات کو منعقد ہوا۔
فاروق عبداللہ نے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور دیگر لیڈران کے ہمراہ نوائے صبح کمپلیکس سے میٹنگ میں شرکت کی جبکہ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر ویڈیو کانفرنسنگکے ذریعے اجلاس میں شامل رہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، کورونا وائرس سے پیدہ شدہ حالات اور اس کے منفی اثرات کے علاوہ اقتصادی بدحالی، تنظیمی اموارات اور پارٹی سرگرمیوں کے بارے میں تبالہ خیالات کیا گیا ہے۔
شرکا نے اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کے مسائل و مشکلات اور کورونا کی صورتحال کے بارے میں زمینی صورتحال سے اجلاس کو آگاہ دی۔ اجلاس میں کورونا وائرس یا اس سے برپا ہوئی اقتصادی بدحالی سے متاثر ہوئے پارٹی وروکروں کی مدد کے لئے ایک فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے موقف پر چٹان کی طرح قائم ہے اور ہماری جماعت جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی، لوگوں کی خوشحالی اور فارغ البالی کے لئے کام کرتی رہے گی اور ہم جموں و کشمیر کی مکمل ریاستی حیثیت اور دفعہ 370 اور35 اے کی مکمل بحالی چاہتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں بھی سخت چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور انشاءاللہ ہم اس بار بھی سرخ رو ہوکر بھریں گے۔
جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں پر زبردست دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ قیمتی جانوں کا تحفظ کرنا ہم سب کا اولین فرض بنتا ہے اور اس مقصد کی خاطر ہمیں اس وبائی بیماری سے نجات پانے کے لئے متحد ہو کر لڑنا ہے۔
انہوں نے کہا: 'ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم کورونا کے پھیلاﺅ کا سبب نہ بنے اور ہر حال میں خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھیں اور اولین فرصت میں کورونا مخالف ٹیکہ لگوا لیں'۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ سرکار اس وقت تک کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کر سکتی جب تک اس میں عوامی تعاون شامل حال نہ ہو۔ اس لئے ضروری ہے ہم اپنی ذمہ دریاں نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ہسپتالوں خصوصاً عارضی کووڈ ہسپتالوں میں عملے کی کمی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ہسپتالوں میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ساز و سامان اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔