سرینگر:جموں کشمیر کی ایک عدالت نے "ٹرر فنڈنگ "مقدمے میں رشوت خوری کے الزام میں گرفتار پولیس افسر ڈی ایس پی عادل مشتاق شیخ کو 24 روز کے قید کے بعد آج عبوری ضمانت دی ہے۔عادل مشتاق شیخ کو پولیس نے 21 ستمبر کو "ٹرر فنڈنگ مقدمے" میں گرفتار ملازمین سے رشوت لینے اور ثبوت ختم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد جموں کشمیر انتظامیہ نے ان کو نوکری سے معطل کردیا ہے۔
ضلع بڈگام کے اسپیشل انٹی کورپشن عدالت نے ہفتہ کے روز معطل شدہ ڈی ایس پی عادل شیخ کو ضمانت دی ہے اور 21 اکتوبر کو اس معاملے کی اگلی سماعت رکھی ہے۔
عادل مشتاق پر الزام ہے کہ انہوں نے عسکریت پسندوں کی حمایت کرنے والے اور ٹرر فنڈنگ میں گرفتار ملزمین کی قانونی طور مدد کی تھی، کیونکہ انہوں نے اس مقدمے کی تحقیقات میں تاخیر کی تھی اور ثبوت مٹائے تھے۔غور طلب ہے کہ جموں کشمیر پولیس نے گزشتہ برس فروری میں ٹرر فنڈنگ میں تین افراد کو سرینگر کے مضافات سے گرفتار کیا تھا اور تحقیقات کے بعد ان کے ایک اور ساتھی مزمل ظہور کو گرفتار کیا تھا۔