مرکز کے زیر انتظام (پونین ٹیریٹری) پوڈوچری میں درماندہ کشمیریوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے انہیں واپس اپنے گھر (کشمیر ) لانے کی اپیل کی ہے۔
لاک ڈاؤن: پوڈوچری میں سینکڑوں کشمیری درماندہ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے عمران احمد نامی ایک سرینگر کے باشندے نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے 85 کشمیری پوڈوچری میں درماندہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ افراد پوڈوچری میں تجارت اور کام کاج کے سلسلے میں وہاں گئے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس وقت وہیں درماندہ ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ان افراد میں خواتین کے علاوہ بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں جو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہیں۔
درماندہ کشمیریوں نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے درماندہ لوگوں کیلئے ہیلپ لائن اور منتخب نوڈل افسر سے انہوں نے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن وہاں سے کوئی جواب نہیں ملا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پوڈوچری کی انتظامیہ سے بھی ملے جہاں انکو بتایا گیا کہ جب تک جموں و کشمیر کی انتظامیہ انکے ساتھ رابطہ نہیں کرے گی تب تک وہ کوئی مدد فراہم نہیں کر سکتے۔